نئی دہلی، 29؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )جھارکھنڈ کی بیٹی مہر فاطمہ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایم فل انٹرنس امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ بچی کے ذریعہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ان کے والد قاضی شکیل ایکتا نے مہر فاطمہ کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے ان کے اساتذہ کاشکریہ ادا کیا ہے ۔ قارئین کو بتادیں کہ مہر فاطمہ نے جنرل کوٹہ سے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ایم فل امتحان کیلئے ٹسٹ دیاتھا جن کا رول نمبر P0222021اور رجسٹریشن نمبر JMI00796110ہے ۔ ان نے اپنے انڑنس امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ واضح رہے کہ مہر فاطمہ اس سے قبل متعدد ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں ۔ مہر فاطمہ کے والد قاضی شکیل ایکتاجو کہ خودایک سیاستداں اورماہرتعلیم ہیں انہوں نے بتایاکہ مہرفاطمہ شروع سے پڑھنے لکھنے میں نہایت ہی ذہین اور تیز دماغ تھی۔انہوں نے بتایاکہ ہم نے کبھی پڑھائی لکھائی میں کسی طرح کی پیروی نہیں کی اور بچوں کو ان کی خواہش پر اپنا میدان چننے کیلئے آزاد چھوڑدیالیکن ہمیشہ بچوں کو یہ ہدایت دی کہ وہ اپنے اساتذہ کی تعظیم میں قطعی کوتاہی نہ کریں ، اگر وہ اس کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو یہ چیز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ مہر کے والد قاضی شکیل ایکتا نے بتایاکہ ہم نے بچوں کو شروع سے کہاکہ تعلیم کے لئے پیسہ سب سے پہلے ضروری نہیں ہے بلکہ پیسہ سے قبل ذہانت ،تعلیم کے تئیں لالچ اور اس کے بعد علم کیلئے کوشش ازحد ضروری ہے پھر چوتھے نمبر پر پیسہ آتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پیسہ کے بعد پانچویں نمبر پر اساتذہ کی تعظیم اور تعلیم کیلئے طویل وقت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا ہم تمام والدین سے اپیل کریں گے کہ وہ اپنے بچوں کو اپنا شعبہ منتخب کرنے کیلئے آزادچھوڑ دیں اور بچوں کی تربیت اس نہج پرکریں کہ وہ اپنے اساتذہ کی تعظیم ہر موڑ پر کریں کیونکہ جووالدین بچوں کی محبت میں اساتذہ کی تعظیم نہیں کرتے یا اساتذہ کے وقار کا خیال نہیں رکھتے ان کے بچے کبھی ترقی نہیں کرسکتے ہیں ۔